
ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ کے روز مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی
اسلام آباد: ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ کے روز مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر نماز عید کے اجتماعات کھلے میدانوں، مساجد اور عیدگاہوں میں منعقد ہوں گے۔
علمائے کرام اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفے کو اجاگر کریں گے، جبکہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی عید اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوگا۔
عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے جامع سیکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے۔
انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ شہر میں ہر صورت امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عید اجتماعات کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر تین ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مقامات، پارکس اور قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے دو ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پانچ سو سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار خدمات انجام دیں گے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق مری آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔















