
قومی
فیلڈ مارشل اور سعودی وزیردفاع کا سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب پر ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال کی سنگینی اور باہمی دفاعی سٹرٹیجک معاہدے کے فریم ورک کے اندر انہیں روکنے کیلئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلا اشتعال جارحیت علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس سے تنازعات کے پرامن حل کے امکانات مسدود ہو جاتے ہیں۔فریقین نے امید اور خواہش ظاہر کی کہ برادر ملک ایران کسی غلط فہمی سے بچنے کیلئے دانشمندی اور فراست کا مظاہرہ کرے گا اور بحران کے پرامن حل کے خواہشمند دوست ممالک کے ہاتھ مضبوط کرے گا۔














