بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے دن کراچی، لاہور اور کوئٹہ کی کامیابی

نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے دن کراچی، لاہور اور کوئٹہ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔اقبال اسٹیڈیم میں کراچی نے ملتان کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔ ملتان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 36.3 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گل فیروزہ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ کراچی کی طرف سے معصومہ زہرہ، ایمن انور اور عروب شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی نے کپتان عمیمہ سہیل کے آٹھ چوکوں کی مدد سے بنائے گئے49 رنز کی بدولت مطلوبہ اسکور 24 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ عمیمہ سہیل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بوہڑن والی گراؤنڈ میں لاہور نے پشاور کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔
پشاور کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32.5 اوورز میں 166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر عائشہ ظفر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سولہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں رہیں۔ عائشہ بلال نے 33 رنز دے کر 4 اور انعم امین نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور نے 31 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔دعا ماجد 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ کائنات حفیظ نے 61 رنز اسکور کیے۔ عائشہ ظفر پلیئر آف دی میچ رہیں۔

جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ میں کوئٹہ نے راولپنڈی کو دو وکٹوں سے شکست دیدی۔
راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں صرف 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ماہم انیس 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ رامین شمیم نے 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ نے 37ویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ رامین شمیم نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔
تانیہ سعید نے 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
رامین شمیم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیے  حارث رئوف کیلئے دھونی کی جانب 7 نمبر شرٹ کا تحفہ

مختصر اسکورز:
ملتان 116 رنز ( 36.3 اوورز ) گل فیروزہ 44؛ معصومہ زہرہ 15 / 2 وکٹ، ایمن انور 20 / 2 وکٹ، عروب شاہ 22/ 2وکٹ۔
کراچی 117رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 23.1 اوورز ) عمیمہ سہیل 49۔
نتیجہ ۔ کراچی نے چھ وکٹوں سے میچ جیتا۔

پشاور 166 رنز ( 32.5 اوورز ) عائشہ ظفر 108 ناٹ آؤٹ؛ عائشہ بلال 33 / 4 وکٹ۔
لاہور 169 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ( 31 اوورز ) دعا ماجد 66 ناٹ آؤٹ، کائنات حفیظ 61۔
نتیجہ ۔ لاہور نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

راولپنڈی 80 نز ( 43 اوورز ) ماہم انیس 25؛ رامین شمیم 16 / 4 وکٹ۔
کوئٹہ 84 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 36.3 اوورز ) رامین شمیم 27 ناٹ آؤٹ؛ تانیہ سعید 11 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔ کوئٹہ نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

19 اپریل کا شیڈول:
کوئٹہ بمقابلہ پشاور۔ اقبال اسٹیڈیم۔
کراچی بمقابلہ لاہور ۔جواد کلب گراؤنڈ۔
راولپنڈی بمقابلہ ملتان ۔ بوہڑن والی گراؤنڈ۔

Back to top button