بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی نے تین ججوں کی سپریم کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔صدر مملکت نے جسٹس ملک شہزاد کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں، صدر مملکت نے ان کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) 13 کے تحت دی تھی۔اس کے علاوہ صدر مملکت نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی۔

صدر مملکت نے جسٹس نعیم اختر افغان کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) 13 کے تحت دی۔نعیم اختر افغان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی بطور قائمقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔صدر مملکت نے جسٹس محمد ہاشم خان کی بطور قائمقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت دی ۔

مزید پڑھیے  فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کو عدالت میں چیلنج کردیا
Back to top button