بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

انتخابات2024، ملک بھر میں موبائل سروس معطل

عام انتخابات کے موقع پر نگران حکومت نے ملک بھر میں موبائل فون سروسز عارضی طور پر معطل کردیں۔ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں فی الوقت موبائل فون سروس متاثر ہے، موبائل نیٹ ورک بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ آج ملک بھر میں عام انتخابات کا انعقاد ہورہا ہے، جس میں ملک بھر سے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کے عمل کا آغاز آج صبح 8 بجے ہوگا اور پولنگ کا یہ عمل بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔گزشتہ روز پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی(پی ٹی اے ) کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ کل ملک بھر میں عام انتخابات کے موقع پر انٹرنیٹ سروس میسر ہو گی اور کہیں بھی انٹرنیٹ کی بندش نہیں ہوگی۔

Back to top button