بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عام انتخابات میں بزرگ افراد، خواتین اور معذور افراد بھی سرگرم

 معذوری یا عمر بھی قومی فریضے کی ادائیگی کی راہ میں حائل نہ ہو سکی

عام انتخابات میں نوجوانوں کا جوش و جذبہ تو قا بل دید ہے ہی تاہم ان کے ساتھ ساتھ بزرگ افراد ، خواتین اور معذور افراد بھی انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لینے سے پیچھے نہ رہے اور قومی فریضے کی ادائیگی میں بھرپور شرکت کرتے نظر آئے۔ صبح سویرے ہی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے پولنگ سٹیشنز پہنچ گئے جہاں انہوں نے لائنوں میں لگ کر اپنی باری کا انتظار بھی کیا۔بزرگ اور خصوصی افراد میں کوئی بیساکھی کے سہارے پولنگ سٹیشن پہنچا تو کوئی وہیل چیئر پر لیکن عمر یا معذوری بھی ان کے قومی جذبے پر غالب نہ آ سکی اور انہوں نے پورے جوش و خروش سے انتخابات میں حصہ لیا۔

پولنگ میں خواتین کی بھی بھرپور شمولیت نظر آئی جنہوں نے کہیں پولنگ کے عملے کے فرائض ادا کئے تو کہیں روایتی سخت پردے او ر شدید سرد موسم میں بھی ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ سٹیشنز پر پہنچی جہاں لمبی قطاروں میں انتظار کے بعد انہوں نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

راولپنڈی کے حلقہ 57 کے پولنگ سٹیشن پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 83 سالہ ووٹر محمد سلیمان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں حصہ لینا ہماری قومی ذمہ داری ہے جس کو ہمیں پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس عمر میں بہت سی بیماریوں کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے لئے آنا مشکل امر ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں اپنے ملک کے لئے ووٹ کا فرض ضرور ادا کرنا چاہئے تا کہ کل ہمیں پچھتاوا نہ ہو کہ ہم نے اپنا ووٹ ضائع کیا۔ حلقہ 57 میں ایک پولنگ سٹیشن پر ٹانگوں سے معذور علی حیدر بھی اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے موجود تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ ہم عموما حکومتوں پر تنقید میں تو پیش پیش نظر آتے ہیں لیکن جب انتخابات کے دن ہمارے پاس یہ حق موجود ہوتا ہے کہ ہم اہل اور بہترین نمائندوں کا انتخاب کر سکیں اس دن ہم سستی سے کام لیتے ہیں اور پھر اس کی ذمہ داری حکومتوں پر ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی معذوری کے باعث پولنگ سٹیشن تک آنا میرے لئے خاصا تکلیف دہ کام رہا ہے اور اس پر سردی کے باعث میری تکلیف میں بھی اضافہ ہوا لیکن اس کے باوجود آج کوئی بھی چیز میرے حوصلے کو کم نہ کر سکی اور میں اپنا قومی فرض ادا کرنے کے لئے ووٹ ڈالنے کے لئے آیا ہوں۔ انہوں نے لوگوں سے بھی کہا کہ آج کے دن اپنے فرض سے غفلت نہ برتیں اور ووٹ کاسٹ کرنے ضرور جائیں۔۔

مزید پڑھیے  پاکستانی عوام آئندہ چند ماہ میں نئی حکومت کا انتخاب کرلیں گے ، نگران وزیراعظم
Back to top button