بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش آج انتہائی عیقدت و احترام سے منایا جا رہا

ملک بھر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش آج انتہائی عیقدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔آج صبح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہو گی جبکہ ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اصولوں پرعمل ہے۔برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 25 دسمبر 1876 کو کراچی کے وزیر مینشن میں آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان جامعہ بمبئی سے پاس کیا بعد میں اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن روانہ ہوگئے۔1896 میں محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی لیکن کچھ عرصے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے۔آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے کے بعد قائداعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کیلئے وقف کر دیے۔بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14 اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11 ستمبر 1948 کو ملت کا پاسبان دار فانی سے کوچ کرگیا۔

مزید پڑھیے  پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، وزیراعظم
Back to top button