بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بانی پی ٹی آئی نے ضمانت کا غلط استعمال کیا تو منسوخ کرسکتے ہیں، سائفر کیس کا تحریری فیصلہ جاری

سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین و بانی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا اور یہ فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ہے۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ سابق پی ٹی آئی چیئرمین نے دوسرے ملک کے فائدے کےلیے سائفر کو پبلک کیا ایسے شواہد نہیں ہیں، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5(3) بی کے جرم کا ارتکاب ہونے کے شواہد نہیں۔حکم میں کہا گیا ہے کہ فیصلے میں دی گئی آبزویشنز ٹرائل کو متاثر نہیں کریں گی اور بانی پی ٹی آئی ضمانت کا غلط استعمال کریں تو ٹرائل کورٹ اسے منسوخ کر سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کا ٹرائل چار ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزمان کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جرم کے ارتکاب کےلیے مزید انکوائری کے حوالے سے مناسب شواہد ہیں، مزید تحقیقات کا فیصلہ ٹرائل کورٹ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی کر سکتی ہے۔

فیصلے کے متن کے مطابق عدالت کے سامنے پیش شواہد یہ ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں بانی پی ٹی آئی نے سائفر کا متن پبلک کیا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ثبوت یہ ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں سائفر سے کسی غیر ملکی طاقت کو فائدہ پہنچا لہٰذا سپریم کورٹ سائفر ٹرائل سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے معطل کرتی ہے۔

مزید پڑھیے  شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کا جواب کل جلسے میں دوں گا،عمران خان

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے  سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

Back to top button