بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل سمیت 3 افراد قتل

فیصل آباد کے علاقے تھانہ جھمرہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل سمیت 3 افراد کو قتل کردیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ جھمرہ کے علاقہ کینال ایکسپریس وے واپڈا سٹی گیٹ نمبر 3 کے قریب مسلح افراد نے کار پر سوار پولیس کانسٹیبل اور کار سوار دیگر ساتھیوں پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق گولیاں لگنے سے 50 سالہ عمران عاشق ولد عاشق گورایہ ، 35 سالہ احسن ولد غلام مصطفیٰ ساکنین چک نمبر 186 رب ڈوگرانوالہ اور کرم رسول سکنہ گوجرہ موقع پر دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر اعلی پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں ۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولین شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد فیصل آباد سے واپس 186 رب جارہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ کردی ، کانسٹیبل عمران تھانہ غلام محمد آباد میں تعینات ہے، احسن عمران کا دوست اور کرم رسول گن تھا ۔

متعلقہ پولیس حکام نے بتایا کہ معلوم ہوا ہے کہ مقتولین کی جھمرہ میں ایک خاندان سے دیرینہ دشمنی ہے، اس سے قبل بھی دشمنی کی بنا پر کئی افراد قتل ہوچکے ہیں، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تمام پہلوؤں کے تناظر میں تفتیش شروع کردی ہے۔

تہرے قتل کا مقدمہ تھانہ چک جھمرہ میں مقتول احسن کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ،ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ  ملزمان نے قتل کا بدلہ لینے کےلیے تینوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارا،  گزشتہ شب قتل ہونے والا محمد احسن دوہرے قتل کے مقدمہ میں نامزد تھا۔سی پی او محمد علی ضیاء نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ایس پی مدینہ ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

مزید پڑھیے  کندھ کوٹ میں ڈاکوئوں کا پولیس موبائل پر حملہ، دو اہلکار شہید
Back to top button