بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ڈیفنس میں کارحادثے کا ملزم افنان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں کارحادثے کے ملزم افنان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے سے کردیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی اور ملزم افنان کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے کہا کہ مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملزم کم عمر ہے اور ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، جس پر عدالت نے ملزم کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ باتیں کر رہے ہیں وہ ٹرائل کی باتیں ہیں، سچ سب کے سامنے آنا چاہیے۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں، ملزم کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کروانا درکار ہے اور مختلف پہلووں پر تفتیش درکار ہے۔پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے ملزم کے وکیل کی شکایت پر تفتیشی افسر کو کہا کہ ملزم کو ہراساں نہ کیا جائے اور تفتیش میرٹ پر ہونی چاہیے۔جج نے ریمارکس دیے کہ یہ واقعہ افسوس ناک ہے، حق اور میرٹ پر تفتیش ہونی چاہیے تاکہ سچ سب کے سامنے آئے۔عدالت نے ملزم افنان کو 5 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا اور اگلی سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔

مزید پڑھیے  پاکستان بارکونسل نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے معاملے پر فُل کورٹ بنانے کا مطالبہ کردیا
Back to top button