بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، واہ کیمپس کے کانووکیشن 2023کا انعقاد

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، واہ کیمپس کے کانووکیشن کا جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔ کانووکیشن میں واہ کیمپس کے شعبہ جات مینجمنٹ سائنسز، الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کے 938 انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ کانووکیشن کی تقریب میں نمایاں کار کردگی کی بناء پر 36طلباء و طالبات کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے بھی نوازا گیا۔ الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ جات میں 20پی ایچ ڈی اسناد بھی دی گئیں۔

کانووکیشن کی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، واہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد تمغہ امتیاز نے یونیورسٹی کے واہ کیمپس کی کامیابیوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے فار غ التحصیل طلباء اور ان کے والدین کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور آئندہ بھی لگن کے ساتھ محنت جاری رکھنے پر طلباء کو تلقین کی۔ ڈائریکٹر کیمپس نے یونیورسٹی کی رینکنگ، کیمپس میں دستیاب سہولیات، سکالرشپس کے مواقع، لیبارٹریز اور کیمپس میں موجود اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی پر روشنی ڈالی۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے اپنے خطاب میں فار غ التحصیل طلباء اور ان کے والدین کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں لگن اور محنت کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا کردار نبھانے کی نصیحت کی۔ انہوں نے طلباء کی کامیابی پر کیمپس کی فیکلٹی کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ہونی والی تحقیق معاشرے کیلئے سود مند ہونی چاہیئے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے وقوع پزیر ہونے والے رجحانات کو اپنا ئیں اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کانووکیشن کی تقریب کے کامیاب انعقاد پر فیکلٹی اور تمام سٹاف ممبران کو مبارکبار پیش کی۔

مزید پڑھیے  تعلیمی بورڈ میرپورانٹر میڈیٹ امتحان 2024 وفاقی تعلیمی بورڈ کے نصاب سے لے گا
Back to top button