بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان کرکٹ ٹیم نے عالمی کپ کی تاریخ پلٹ دی، سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنزکا ہدف حاصل کرلیا

بھارت میں جاری ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے عالمی کپ کی تاریخ پلٹ کر رکھ دی، سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنزکا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری جیت حاصل کرلی، یہ 345 رنز کا ہدف کسی بھی ٹیم کی جانب سے عالمی کپ مقابلوں میں حاصل کیا جانے والا سب سے بڑا ہدف ہے، پاکستان کی جیت میں اہم کردار محمد رضوان کی 130 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے ادا کیا  جبکہ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عبداللہ شفیق نے بھی سنچری سکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے جیت کی بنیاد رکھی، تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 122 اور سدھیرا سماراوکرما نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار، حارث رئوف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 48.2 اوورز میں حاصل کرکے میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 130 رنزکے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے دلشان مادھوشانکا نے دو وکٹیں لیکر نمایاں رہے، پاکستان کے محمد رضوان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید پڑھیے  قومی نیٹ بال چمپئن شپ 18جون سے کھیلی جائے گی
Back to top button