بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

چین، ایشیائی کھیلوں کے ذریعے یی وو سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں اضافہ

 چین میں 19 ویں ایشیائی کھیلوں کا انعقاد قریب آ تے ہی ملک کے چھوٹی مصنوعات کے مرکز یی وو سے 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران کھیلوں کی مصنوعات کی برآمدات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ کسٹمز اعداد و شمار کے مطابق چین کے مشرقی صوبہ ژے جیانگ کے یی وو نے پہلی ششماہی میں 3.52 ارب یوآن (تقریباً 48 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر) مالیت کا کھیلوں کا سامان برآمد کیا جو گزشتہ برس کی اسی مدت سے 22.5 فیصد زائد ہے۔

شِنہوا کی رپورٹ کے مطابق ژے جیانگ کے صوبائی دارالحکومت ہانگ ژو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک 19 ویں ایشیائی کھیلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے ساتھ ہی دیگر ایشیائی ممالک سے موصول آرڈرز میں اضافہ ہورہا ہے۔یی وو میں کھیلوں کا سامان فروخت کرنے والے شیانگ لی لی نے بتایا کہ آمدہ ایشیائی کھیلوں کے سبب بال کھیلوں کی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی شرح نمو گزشتہ برس کی نسبت 30 فیصد سے زائد ہے۔

شیانگ کے مطابق غیر ملکی صارفین اب اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے لئے چھوٹے آرڈرز دیتے ہیں، اس لئے متعلقہ کمپنیاں بھاری نفع کی مصنوعات کے لئے تحقیق و ترقی پر اصل ڈیزائن میں بھاری سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ایک پاکستانی خریدار نے بتایا کہ رواں سال چین میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں نے پاکستان میں بھی کھیلوں کا جنون پیدا کردیا ہے۔ میں یہاں باسکٹ بال اور دیگر مصنوعات خریدنے اور چینی فراہم کنندگان کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے آیا ہوں۔

Back to top button