بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستانی ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دیدی

پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ویمن انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد  5 وکٹوں سے جیت لیا۔جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فلڈ لائٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر150 رنز بنائے۔

ٹیزمن برٹس نے 78 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔کپتان لورا ولوارٹ نے 38 گیندوں پر6 چوکوں کی مدد سے44 رنز بنائے، کیپ 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔پاکستانی فیلڈرز نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم از کم تین کیچز ڈراپ کیے جبکہ نشرہ سندھو نے 20، سعدیہ اقبال نے 22 اور فاطمہ ثنا نے 38 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم نے بہترین مقابلہ کیا، سدرا امین نے 31 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے38 رنز کی اننگ کھیلی، سینیئر بیٹر بسمعہ معروف نے 30 گیندوں پر 37 رنز اسکور کیے جن میں 4چوکے بھی شامل تھے۔منیبہ علی نے 19 اور شوال ذوالفقار نے 11 رنز جوڑے، کپتان ندا ڈار 2 رنز کی مہمان رہیں۔

قومی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کیلئے 8 رنز درکار تھے، آخری گیند پر عالیہ ریاض نے اسٹروک کھیل کر مطلوبہ ایک رن بنالیا اور یوں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان ویمن ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ بہترین رن چیز ہے۔عالیہ ریاض 26 گیندوں پر 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔کیپ نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ چار پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی اور سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیے  مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئیگا اور آپ کہہ رہے ہیں حالات ٹھیک ہیں، شوکت ترین
Back to top button