بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بجلی کے زائد بلوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں شٹرڈائون ہڑتال، احتجاجی مظاہرے

 لاہور میں ہربنس پورہ پل جانب جلوموڑ کی طرف مرد و خواتین نے بجلی بلز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کینال روڈ کو بلاک کردیا

بجلی کے زائد بلوں کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں شٹرڈائون ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے،شہریوں نے بل نذرآتش کئے،حکومت اور واپڈا کیخلاف نعرے بازی کی ۔ لاہور میں ہربنس پورہ پل جانب جلوموڑ کی طرف 200 سے زائد مرد و خواتین نے بجلی بلز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کینال روڈ کو بلاک کر دیا۔سی ٹی او لاہور نے سرکل آفیسر کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔گوجر خان میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف جی ٹی روڈ پر مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے اور بجلی کے بلوں میں لگائے گئے بے تحاشا ٹیکسز بھی واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی اور آئیسکو کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ جی ٹی روڈ بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا ۔گوجر خان مظاہرے میں تحصیل بار نمائندے، تاجر اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔اوکاڑہ میں بھی احتجاج کیا گیا ۔ صدر انجمن تاجران اوکاڑہ شیخ ریاض انورنے کہا کہ حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے  ۔مرکزی انجمن تاجران مری کی کال پر بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے اور طوفانی مہنگائی کے خلاف مری میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی ۔مری کے ٹرانسپوٹرز نے بھی مرکزی انجمن تاجران مری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔وہاڑی میں انجمن تاجران کی کال پر پورا وہاڑی بند ہے جبکہ چشتیاں میں بجلی بلوں میں اضافے پر شٹر ڈائون ہڑتال رہی ۔ملتان میں انجمن تاجران کی کال پر مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔ چوک کچہری پر بڑھتی مہنگائی کے خلاف وکلا اور جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مرکزی انجمن تاجران کی ہدایت پر حویلی لکھا میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان میں آل پاکستان انجمن تاجران کی شٹر ڈائون ہڑتال کی کال پر شہر کی مارکیٹیں بندر ہیں۔شہر میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف سکول کے بچے بھی روڈ پر آگئے۔ چک مدرسہ میں بچوں نے مظاہرہ کیا۔ ننھے طلبہ نے کہا کہ ہمارے والدین فیس دیں یا اتنے بڑے بڑے بل ادا کریں۔بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈائون ہڑتال بھی جاری رہی ۔ شہر بھر میں بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے ۔ بورے والا میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نذر آتش کئے۔ فورٹ عباس میں آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر تحصیل بھر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ شہر کے تمام تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے ۔ پشاور میں مہنگائی کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل نے ہڑتال کی۔ بار کونسل نے عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کیا، صوبے بھر کی عدالتوں میں وکلا پیش نہیں ہوئے۔صوابی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف واپڈا آفس کے سامنے عوامی احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نگران حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔جہانگیرہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہا ۔مقررین نے کہا کہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے لئے لوگ زیورات بیچنے اور خودکشیوں پر مجبور ہیں، بجلی بل جمع کروانا عوام کے بس میں نہیں لہذا آئی ایم ایف کا ایجنڈہ نامنظور۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور لاگو ناجائز ٹیکسز واپس لیا جائے۔مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف مرکزی تنظیم تاجر اتحاد کی اپیل پر شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی، شہر کے بازار اور چھوٹے بڑے مراکز تاحال بند رہے۔ مالاکنڈ میں متحدہ ٹریڈ یونین کی کال پربٹ خیلہ درگئی سخاکوٹ تھانہ اورطوطہ کان میں کاروباری مراکزبند رہے۔ضلع کوٹلی میں سہنسہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبات نے روڈ بند کر کے مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ کالجز روڈ میراہ ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ۔

مزید پڑھیے  ابتدائی حلقہ بندیاں 24 مئی تک مکمل کر لی جائیں گی،الیکشن کمیشن
Back to top button