بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نے کینیڈا کو بھی شکست دیدی

ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے تیسری کامیابی سمیٹ لی، قومی ٹیم نے کینیڈا کو بھی شکست دے دی۔پاکستان نے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کینیڈا کو 4-5 سے شکست دے کر سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کے فائنل کے قریب پہنچ گیا۔پاکستان ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور 4 میچوں کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔کینیڈا نے پہلے 17 منٹ میں 0-2 کی برتری حاصل کر کے پاکستان کو بیک فٹ پر ڈال دیاتھا، تاہم گرین شرٹس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ 4-5 سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلے 2 گول ابوبکر محمود نے داغے جس سے قومی ٹیم کی کھیل میں واپسی ہوئی۔اس کے علاوہ ارشد لیاقت، رانا وحید اشرف اور غضنفر علی نے بھی ایک ایک گول کیا۔کینیڈا کی جانب سے شان ڈیوس نے دو دو گول داغے جبکہ ہربیر سندھو اور اوجوت بٹر نے ایک ایک اسکور کیا۔

اگر جاپان ملائیشیا کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان اور جاپان دونوں سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گے۔گزشتہ روز پاکستان اور جاپان کا میچ 1-1 سے برابر رہا تھا، اس سے قبل پاکستان نے اتوار کو اپنے دوسرے میچ میں کوریا کو یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دی تھی۔پاکستان کا اگلا میچ 10 مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔

مزید پڑھیے  افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کیخلاف پہلی جیت حاصل کرلی
Back to top button