بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

سینئر صحافی جان محمد مہر کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا

جی سندھی اخبار اور ٹی وی چینل سے وابستہ سینئر صحافی جان محمد مہر کو سکھر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کوئنز روڈ پر واقع سینٹ سیویئر اسکول کے قریب پیش آیا۔

علاقہ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے جان محمد مہر پر متعدد گولیاں چلائیں، جو اپنی کار میں سفر کر رہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ صحافی کے سر اور آنکھوں کے قریب گولیاں لگیں، انہیں تیزی سے تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ وہ سرجری کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔حملے کے پیچھے محرکات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا تاہم پولیس کا خیال ہے کہ پرانی دشمنی کے باعث قتل کیا گیا ہے۔پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد ہسپتال میں جمع ہوگئی، پوری مقامی صحافی برادری کو جان محمد مہر کے انتقال کا سن کرصدمہ پہنچا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں 5 پاکستانی صحافیوں سمیت 67 صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران قتل کردیے گئے۔

مزید پڑھیے  گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، ایک شہید
Back to top button