بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

فیفا ویمنز ورلڈ کپ، سپین اور سویڈن نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں جاری فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے دو کوارٹر فائنلز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین اور سوئیڈن کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں اسپین نے نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دی۔

اسپین کی جانب سے ماریونا کالڈینٹی نے میچ کے 81 ویں منٹ میں پینلٹی کک  پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں نیدرلینڈزکی اسٹیفنی نے گول کرکے میچ 1-1سے برابر کردیا۔

بعد ازاں میچ کے 111 ویں منٹ میں اسپین کی سلمی سیلسٹی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 سے فتح دلوا دی۔

نیوزی لینڈ کے ہی ایڈن پارک آکلینڈ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں سوئیڈن کی ٹیم نے راؤنڈ میچز اور ٹاپ 16 میں مخالف ٹیموں کو پچھاڑنے والی سابق عالمی چیمپئن جاپانی ٹیم کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا۔

کھیل کے آغاز سے ہی سوئیڈن کی کھلاڑیوں نے  جاپانی کھلاڑیوں پر دباؤ قائم کر لیا اور گول پر  پے در پے حملے کئے۔

میچ کے 32 ویں منٹ میں سوئیڈن کی کھلاڑی امانڈا نے پہلا گول کیا، بعد ازاں پینلٹی ملنے پر سوئیڈن کی ہی فلیپا نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی۔

جاپانی کھلاڑی ہنوکا نے میچ کے اختتام سے کچھ لمحے قبل اپنی ٹیم کیلئے واحد گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

ٹورنامنٹ کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنلز کیلئے ہفتے کے روز میزبان آسٹریلیا کا مقابلہ فرانس جبکہ انگلینڈ کا مقابلہ کولمبیا کی ٹیموں سے ہوگا۔

مزید پڑھیے  دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سری لنکا سے شکست کھا کر سیمی فائنل دوڑ سے باہر

منگل 15 اگست کو فیفا ویمنز ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل اسپین اور سوئیڈن کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 

Back to top button