بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

قرآن پاک کی بے حرمتی کو امت مسلمہ اپنے خلاف جنگ سمجھتی ہے، مولانا فضل الرحمان

سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دنیا دیکھ لے قرآن اور نبی ﷺ کی حرمت پر امت متحد ہے، قرآن کریم کی بے حرمتی کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر حرمت قرآن مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کا کہنا تھا امت مسلمہ ایسے واقعات کو اپنے خلاف اعلان جنگ سمجھتی ہے، اگر مسلمان بپھر گئے تو کرہ ارض پر تمہیں جگہ نہیں ملےگی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا مسلمان وسیع النظر ہیں، ہم قرآن کو اللہ کی کتاب کہتے ہیں تو انجیل اور توریت کو بھی اللہ کی کتاب کہتے ہیں، ہم محمد ﷺکو اللہ کا نبی کہتے ہیں تو عیسیٰ علیہ السلام اور موسیٰ کلیم اللہ کو بھی اللہ کا نبی کہتے ہیں، تم اپنی کتابوں کی حفاظت نہیں کر سکتے، وہ تم ہو جس نے توریت اور انجیل کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم تمام پیغمبروں کو اپنا پیغمبر سمجھتے ہیں، تم قرآن جلا رہے ہو تو تم تنگ نظر ہو، تم اسلام اور مسلمان کو برداشت نہیں کر سکتے، دنیا دیکھ لے قرآن اور نبی ﷺ کی حرمت پر امت متحد ہے، ہم مل کر مطالبہ کرتے ہیں کہ سفیر واپس نہ بلائے تو یہ احتجاج چلتا رہےگا، مسلمان ممالک سویڈن سے اپنےسفیر واپس بلائیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا قرآن کریم کی بے حرمتی کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے، مسلمان اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے قرآن کی حفاظت کریں گے، امریکا اور مغربی ممالک سے کہتا ہوں تم نے اسلام کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے تھے، دنیا سے اسلام کا نام و نشانہ مٹانے کی ٹھانی تھی، تم نے دہشتگردی کا الزام لگا کر اشتعال پیدا کیا تھا، تمہارے چہرے سے لبرل ازم کا نقاب اتر چکا ہے، اسلام بھی رہےگا، ختم نبوت ﷺ بھی اور قرآن بھی رہےگا۔

مزید پڑھیے  پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والا شخص طالبان نے گرفتار کرلیا

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا آج کایہ مظاہرہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، تحریک آگے بڑھتی رہےگی، اسرائیل پاکستان میں اپنےایجنٹ کےلیےاقوام متحدہ میں آواز اٹھاتا ہے، اپنےایجنٹ کو تحفظ دینا ہے تو اسرائیل بلالو، یہاں ان کے لیےکوئی جگہ نہیں ہے، الیکشن کے بعد ہم اقتدار میں ہوں گےیانہیں لیکن اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کے خلاف تحریک جاری رہےگی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت اسرائیل کو نہیں دی جاسکتی، ہم آپ کےساتھ حالت جنگ میں ہیں اورکفر کےخلاف جنگ جاری رہےگی۔

Back to top button