بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول اشد ضروری ہے ، احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ماحول کا قیام کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اشد ضروری ہے لہذا پولیس چیمبر کے تعاون سے اسلام آباد کے تجارتی مراکز اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کو مزید بہتر کرنے پر توجہ دے جس سے بزنس کمیونٹی کا اعتماد بہتر ہوگا اور تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے کے موقع پر ڈی ایس پی مارگلہ رضا اللہ خان اور ایس ایچ او جی نائن مرکز کراچی کمپنی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایٹ، جی نائن اور دیگر سیکٹرز میں جرائم پر قابو پانے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور اسلام آباد پولیس کے مابین قریبی تعاون کا قیام وقت کی اہمت ضرورت ہے تا کہ مل جل کر شہر میں امن وامان کی صورت حال کو مزید بہتر کیا جائے۔

انہوں نے شہر میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چوری کی بڑھتی ہوئی واداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کیپ ٹل پولیس کو ان جرائم کی روک تھام کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں چیمبر کے ایک معزز رکن کی گاڑی چیمبر کی بلڈنگ کے باہر سے چوری ہو گئی جو بزنس کمیونٹی کیلئے تشویشناک ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بھی تشویش کا اظہار کیا کیونکہ اس سے شہر میں جرائم کی وارداتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف کاروباری مراکز میں لگائے گئے کیمروں کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا جائے اور مسائل کے بہتر حل کیلئے مصالحتی کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔

مزید پڑھیے  آزادکشمیر،گلگت بلتستان سمیت ملک بھرمیں کاروبارکھلےرہیں ،اجمل بلوچ


ڈی ایس پی مارگلہ رضا اللہ خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس چیمبر کے تعاون سے شہر میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ تاجر برادری اعتماد و سکون کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت محسوس کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس سستا اور جلد انصاف فراہم کرنے کی بجائے مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے کے مشن پر کام کر رہی ہے تا کہ شہریوں کے مسائل بہترانداز میں حل ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چیمبر اور متعلقہ مارکیٹ

ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر کاروباری مراکز میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا پولیس ان کے مسائل جلد حل کرنے اور ان کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔


چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، خالد چوہدری، محترمہ پروین خان، ناصر چوہدری، ظریف خان، بابر چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Back to top button