بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

تاجر برادری گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے، وزیر اعلیٰ

 اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے گلگت بلتستان کے وزیرا علیٰ گلبر خان سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ گلگت بلتستان کے وزیر منصوبہ بندی فتح اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔


گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے تیمارداری کیلئے آمد پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفد کو گلگت بلتستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور، سیاحت، معدنیات اور ڈرائی فروٹ کے شعبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا اسلام آباد کی تاجر برادری ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے جس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سونا، پلاٹینم، تانبے اور قیمی پتھروں سمیت بہت سے معدنیات پائے جاتے ہیں جن کو تلاش کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سرمایے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی لہذا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو چاہیے کہ وہ گلگت بلتستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے موقع تلاش کریں جبکہ صوبے کی حکومت ان کو اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مشہور پہاڑی سلسلے ہمالیا، کراکروم اور ہندو کش گلگت بلتستان میں پائے جاتے ہیں جو دنیا بھر کے سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے گذشتہ دنوں سکردو میں ایک ٹورازم سمٹ منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا جس میں چیمبر کے ممبران کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ بہت سے غیر ملکی سفراء نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی اس کوشش سے علاقے میں سیاحت کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

مزید پڑھیے  آج موسم کیسا رہے گا؟

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ صحت یابی کے بعد پہلی فرصت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں گے اور تاجر برادری کو گلگت بلتستان میں کاروباروسرمایہ کاری کے مواقعوں سے تفصیل سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اور آئی سی سی آئی کے مابین قریبی تعاون کیلئے بھی وہ اپنا کردار ادا کریں گے تا کہ صوبے میں بزنس کمیونٹی کیلئے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔


اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبر خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو اسلام آباد کے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے میں تعلیم و روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا تاکہ صوبے کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ وفد میں چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، بابر چوہدری، ناصر چوہدری اور رائے تنویر موجود تھے۔

Back to top button