بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 141 رنز سے شکست دیدی

بھارت نے ونڈسر پارک میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 141 رنز سے شکست دے دی، روی چندرن ایشون نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت نے 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

روہت شرما کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم نے تین دن کے اندر فتح حاصل کرلی، بائیں ہاتھ کے 21 سالہ بیٹر یشسوی جیسوال کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا انہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 171 رنز بنائے تھے، بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 421 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں 271 رنز خسارے کا سامنا تھا، کریگ بریتھویٹ کی ٹیم کسی بھی مرحلے پر مہمان ٹیم کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبور کرتی دکھائی نہیں دی، روی چندرن ایشون نے پہلی اننگز سے ہی اپنی بولنگ فارم کو جاری رکھا۔

پہلی گرنے والی وکٹ ٹیگنارائن چندر پال کی تھی، جو 8 رنز بنا کر رویندرا جدیجا کے گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس سے بعد 22 رنز کے مجموعے پر روی چندرن ایشون نے دوسری اننگز میں پنا پہلا شکار کیا ، جب انہوں نے کریگ بریتھویٹ کو اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

روی چندرن ایشون نے پہلی اننگز میں بھی 60 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ انہوں نے دوسری اننگز میں 71 رنز دے کر 7 وکٹیں اپنے نام کیں، ویسٹ انڈیز کے ایلک ایتھنیز 28 رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹر رہے۔

مزید پڑھیے  فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست، سیریز انگلش ٹیم نے جیت لی

جومل واریکن کی وکٹ گرنے والی آخری وکٹ تھی جب وہ ایل بی ڈبلیو ہو گئے، روی چندرن ایشون کی عمدہ باؤلنگ کے سبب 2 دن قبل ہی بھارت نے با آسانی فتح سمیٹ لی۔

ٹیمیں 20 جولائی سے پورٹ آف اسپین میں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی، اس کے بعد 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی 20 میچز کی سریز کھیلی جائے گی۔

Back to top button