بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کی زمان پارک پولیس پر حملوں کے کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستیں مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک پر پولیس پر حملوں کے کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ ،جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس امجدرفیق پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت کے 3 رکنی بینچ کی جانب سے 28 صفحات پر مشتمل متفقہ فیصلہ جاری کردیا گیاہے۔

عدالت نے زمان پارک میں پولیس پر حملوں کے مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔عدالت نے حکومت کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی قانون کے مطابق قرار دی ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار انفرادی طور پر ٹرائل کورٹ سے رجوع کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک پر آپریشن کیا تھا جس میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے تاہم اس آپریشن میں عمران خان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔بعد ازاں پولیس نے عمران خان کی غیر موجودگی میں زمان پارک میں آپریشن کیا جہاں سے اسلحہ اور پیٹرول بم کی برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا۔

مزید پڑھیے  سرگودھا مسافر وین میں گیس سلنڈرپھٹنے سے 7 افراد جاں بحق
Back to top button