بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

آئی ایم ایف سے معاہدہ، سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تاریخ رقم

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پہلی بار کاروبار کے آغاز پر تاریخ رقم ہوگئی۔آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور  پاکستان اسٹاک ایکسچیج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلیے روک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عید تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی بینچ مارک کے ایس سی-100 انڈیکس 5.30 فیصد یا 2230 پوائنٹس اضافے کے بعد 43 ہزار 682 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا، جب مارکیٹ معطل کی گئی اس وقت 100 انڈیکس 1986 پوائنٹس یا 4.79 فیصد اضافے کے بعد 43 ہزار 439 پوائنٹس پر موجود تھی، آخری کاروباری روز انڈیکس 41 ہزار 452 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ سلمان نقوی نے بتایا کہ مارکیٹ میں کاروبار اس وقت معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ قانون ہے کہ اگر ایک خاص فیصد تک مارکیٹ گھٹے یا بڑھے تو ایک گھنٹے کے لیے معطل کیا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تیزی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 مہینے کے لیے 3 ارب ڈالر کا اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی وجہ سے پاکستان کی کرنسی بھی بہتر ہوگی، اس معاہدے کی وجہ سے دو طرفہ اور عالمی اداروں کی جانب سے رکے ہوئے فنڈز بھی آئیں گے، پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جنیوا کانفرنس میں جو وعدے ہوئے تھے، وہ فنڈز بھی ملیں گے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور کریڈٹ ریٹنگ بھی بڑھے گی۔سلمان نقوی کا مزید کہنا تھا کہ حالات بہتر ہوئے ہیں، پاکستانی معیشت کو ایک اسپیس ملا ہے، اور یہی اثر ہمیں اسٹاک مارکیٹ میں نظر آیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مارکیٹ بہتر چلے گی اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

Back to top button