بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کوالیفائرز، اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست، ویسٹ انڈیز پہلی بار عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام

ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے گروپ میچز میں زمبابوے اور نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہفتے کو سپر سکس مرحلے کے میچ میں اسکاٹ لینڈ سے بھی ہار گئی ۔ 

ہرارے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 ویسٹ انڈیز کی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جیسن ہولڈر 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، روماریو شیفرڈ نے 36 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کے برینڈون مک مولن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے 182 رنزکا ہدف اسکاٹ لینڈ نے 44 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا اور 7 وکٹوں سے شکست دی۔

اسکاٹ لینڈ کے میتھیو کراس نے 74 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جبکہ برینڈن میک کلم نے 69 رنز بنائے۔

اس شکست کے ساتھ ہی دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا۔

یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔

بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔ 

مزید پڑھیے  عبدالقادر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا
Back to top button