بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بہت بار ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج وہ شخص یوٹیوب پر بیٹھ کر انہی سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے جن کی تنصیبات کو آگ لگانے نکلا تھا۔ملتان کے علاقے شجاع آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ 1999 اور 2017 میں نواز شریف کی حکومتیں چھینی گئیں، ان کو لاپتہ کردیا گیا، جیلوں میں قید کیا گیا لیکن انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ کسی چیز کو آگ لگادیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا جو ملک بناتا ہو وہ ملک جلا سکتا ہے، درد اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، بہت بار ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، جمہوری جدوجہد کے ذریعے ظلم کا سامنا کیا۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف دیکھیں، اقتدار کیا ہاتھ سے گیا، اصلیت کھل کر قوم کے سامنے آگئی، اپنا ملک جلا دیا، اقتدار جانے کا اتنا صدمہ تھا کہ اپنے ملک کو آگ لگادی، شہدا کی یادگاریں جلادیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پتا نہیں کس کے بھیجے ہوئے منحوس لوگ تھے جنہوں نے شہدا کی تصاویر جانوروں کے ساتھ لگا کر کہا کہ ان کے ساتھ بھی یہی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا، بے حرمتی کی وہ کسی رعایت کے مستحک نہیں ہیں اور نہ کسی معافی کے، یہ قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، تمیں چین سے رہنے نہیں دے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ منصوبے کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے اور جب سوال ہوتا ہے تو کہتا ہے مجھے کیا پتا، میرے کارکنان نے کردیا ہوگا، جب مشکل وقت آیا تو کارکنوں کو بس کے نیچے پھینک دیا اور کہا کہ جو کچھ کیا انہوں نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شخص (عمران خان) نے قوم کے بچوں کے ہاتھوں سے لیپ ٹاپ، قلم اور کتابیں لے کر ماچس اور پیٹرول بم دے دیا، اپنے بچوں کو محفوظ بٹھا کر رکھا ہے اور قوم کے بچوں تکلیف میں رکھا ہے۔

مزید پڑھیے  رانا شمیم توہین عدالت کیس،فرد جرم 7جنوری کو عائد ہو گی

مریم نواز نے کہا کہ جو مسلم لیگ (ن) کو توڑنے نکلا تھا آج اس کی جماعت کا حال سب کے سامنے ہے، آج کارکن بھی خود اور رہنما بھی خود ہے، کوئی ووٹ ڈالنے نہیں نکلے گا، آج وہ شخص یوٹیوب پر بیٹھ کر انہیں سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے جن کی تنصیبات کو آگ لگانے نکلا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف آئیں گے تو ملک ٹیک آف کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں بھی اسحٰق ڈار اور شہباز شریف نے بہترین بجٹ پیش کیا، ابھی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ نہیں ہوا لیکن ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں ملک کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں پکڑانے بلکہ ان کے ہاتھ میں رزوگار دینا ہے۔

Back to top button