بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کریں گے، وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسائل اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ملک کی برآمدات میں اضافے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کے لئے مالی مسائل کے باوجود تمام ممکنہ وسائل مہیا کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ٹیکسٹائل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس ایکسپو میں بیرون ملک سے بھی سرمایہ کار شریک ہیں جو خوش آئند ہے، ٹیکسٹائل نہ صرف ہماری معیشت بلکہ برآمدات کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف چیلنجوں کے باوجود پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، کاروباری افراد کی انتھک محنت کےباعث ٹیکسٹائل کا شعبہ بہتر ہو رہا ہے، سرمایہ کار پاکستان آکر خوشی محسوس کرتے ہیں، مسائل کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر ہماری برآمدات کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیٹ ویئر اور گارمنٹس کی عالمی برانڈ کی جانب سے مانگ، پرانے ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی میں جدت اس شعبہ کے اہم سنگ میل ہیں، وزیرتجارت، سیکرٹری تجارت اور ان کی ٹیم اور پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین زبیر موتی والا کی اس شعبہ کی بہتری کے لئے نمایاں کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، ٹیکسٹائل کے شعبہ کا ملکی برآمدات میں حصہ 60 فیصد ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا اور شرکاء نے شہباز شریف کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء مریم اورنگزیب، احسن اقبال، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر بھی تھے۔

Back to top button