بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

سوات میں سکول کے باہر تعینات سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی جاں بحق ، 5 زخمی

سوات کے علاقے چار باغ میں سنگوٹہ پبلک اسکول کے گیٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکار کی مبینہ غلطی سے اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 طلبہ زخمی ہوگئے۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) شفیع اللہ گنڈاپور نے بتایا کہ سنگوٹہ پبلک اسکول میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی اہلکار سے مبینہ غلطی سے اسکول وین پر فائرنگ ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور 5 طلبہ زخمی ہوگئے۔

ملزم پولیس اہلکار محمد عالم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم کا شاید دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے اور اس کا علاج چل رہا تھا، لیکن اس سے تفتیش جاری ہے۔

ہسپتال میں زیرِ علاج زخمی بچی نے بتایا کہ جب اسکول کی چھٹی ہوئی اور ہماری گاڑی اسکول گیٹ سے باہر نکلی تو پولیس اہلکار نے فائرنگ شروع کر دی جس سے ہم سب زخمی ہوگئے۔ادھر ضلعی انتظامیہ نے سیدو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور زخمی بچیوں کی علاج جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے اسکول وین پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔ترجمان سوات پولیس کے مطابق ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ وزیر نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی۔

ترجمان کے مطابق آر پی او ملاکنڈ نے ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج بچوں کو تمام تر سہولیات مہیا کرنے کے احکامات جاری کیے۔ترجمان سوات پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔

Back to top button