بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

تیز بارش میں بھٹکنے والا پاکستانی طیارے نے 10 منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں125کلو میٹر کا سفر کیا

تیز بارش کے دوران لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ میں ناکامی کے بعد بھٹکنے والا پی آئی اے کا طیارہ 10 منٹ تک بھارت کی فضائی حدود میں رہا اور بھارتی پنجاب پر 125 کلو میٹر تک سفر کر کے پاکستان واپس پہنچا۔قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 248جمعرات 4مئی کی رات 8بجے مسقط سے لاہور پہنچی تو تیز بارش ہو رہی تھی۔پائلٹ نے 8بج کر 5منٹ پر علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی مگر بوئنگ 777طیارہ غیر متوازن ہوا اور لینڈ نہ کر سکا۔ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر پائلٹ گو راونڈ پر چلا گیا، اس دوران تیز بارش اور بلندی کم ہونے کی وجہ سے پائلٹ راستہ بھٹک گیا۔طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8بج کر 11منٹ پر پنجاب کے تھانہ بڈھانا کی حدود سے بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

بوئنگ 777طیارہ اس وقت 292کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 13500فٹ کی بلندی پر تھا۔طیارے کے بھارت میں داخل ہونے کے مقام پر امرتسر سے 37کلو میٹر دور کا چھینہ بدھی چند گاوں کا علاقہ ہے۔طیارہ بھارتی پنجاب کے شہر تراں صاحب اور رسول پور سے ہوتے ہوئے 40کلو میٹر اندر تک نوشہرہ پنوواں سے واپس مڑا۔بھارت کی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے کپتان طیارے کو 20 ہزار فٹ کی بلندی پر لے گیا۔طیارہ 7منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کے گاؤں جھگیاں نور محمد کے قریب سے پاکستانی حدود میں واپس داخل ہوا۔

پاکستانی پنجاب کے ضلع قصور کے گاوں دونا مبوکی، چانت، دھپ سری قصور اور گھتی کلانجر سے ہوتے ہوئے پرواز پھر بھارتی حدود میں داخل ہو گئی۔جس کے 3منٹ بعد طیارہ رات 8بج کر 22منٹ پر بھارتی پنجاب کے گاوں لکھا سنگھ والا ہتھار سے پھر پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔اس وقت ہوائی جہاز 23ہزار فٹ کی بلندی پر 320کلو میٹر کی رفتار پر تھا۔پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد طیارہ حجرہ شاہ مقیم اور دیپالپور کے قریب سے ہوتے ہوئے ملتان چلا گیا۔طیارے نے مجموعی طور پر بھارتی حدود میں 10منٹ تک 125کلو میٹر کا سفر کیا۔

Back to top button