بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد

 لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے آپریشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے گھر پر غیر قانونی طور پر پولیس آپریشن کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت لینے کے باوجود پرویز الہٰی کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔

عامر سعید راں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ عدالتی حکم کی واضح خلاف ورزی ہے، عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ کس قانون کے تحت عدالت گرفتاری سے روک سکتی ہے؟، جب تک رپورٹ نہیں آتی کیسے آپ کی بات مان سکتے ہیں؟، پولیس کو اپنا زور لگانے دیں جب معاملہ عدالت آئے گا تو دیکھ لیں گے۔

عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔خیال رہے کہ چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت چیف سیکرٹری کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور پولیس کو پرویز الہٰی کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔ 

Back to top button