بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ادارے اشتراک عمل سے کام کریں جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کیلئے فراہم کی جائے

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں۔جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے۔ جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔

سوموار کے روز اپنے جاری بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے۔ عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے اور ذمہ داری کے احساس سے کام کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عوام سے بھی اپیل ہے کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔

Back to top button