بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہے، اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہونے چاہییں۔واضح رہے کہ وزیر دفاع کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ملک بھی میں ایک ساتھ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات کے دوسرا دور پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری ہے۔

نجی ٹی وی چینل  سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اس وقت ملک میں کوئی بحران کی صورتحال ہے، ہم نے کہہ دیا ہے کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، اگر ملک میں الگ الگ الیکشن کرائے گئے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، اس طرح سے پنجاب کے خلاف دیگر چھوٹے صوبوں میں منفی جذبات میں اضافہ ہوگا کہ وہاں حکومت بنا کر باقی صوبوں کے حقوق غصب کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی رائے ضرور دیتے ہیں لیکن جو فیصلہ پارٹی کرتی ہے، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مذاکرات کرنے ہیں، اتمام حجت کرنا ہے تو اتمام حجت ہو رہا ہے، کل بھی تین گھنٹے بات چیت ہوئی، مذاکرات مذاکرات کھیل رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر اس وقت کشیدہ صورتحال بالفرض ہے تو بھی یہ استدلال کیسے کیا جاسکتا ہے کہ قبل از وقت الیکشن کرائے جائیں، اگر ابھی الیکشن کرائے جاتے ہیں تو پھر تمام معاملات سے ہٹ کر تمام توجہ انتخابات کی جانب مرکوز ہوجائے گی، اس سے کشیدگی ختم نہیں ہوگی، کشیدگی تو اب شروع ہوگی کہ ابھی الیکشن کراتے ہیں پھر اس کے بعد اکتوبر میں الیکشن کراتے ہیں، پھر نومبر، دسمبر تک حکومت بنتی رہے گی۔

مزید پڑھیے  امریکا کیساتھ تصادم کے بجائے بات چیت کے خواہاں ہیں، چین

وزیر دفاع نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے، ہم تو صرف آئین کی بات کر رہے ہیںِ اس میں کوئی خوف کی یا مقبولیت کی بات نہیں ہے، مقبولیت کبھی ایک سطح پر برقرار نہیں رہتی، اوپر، نیچے ہوتی رہتی ہے، مقبول غیرمقبول، غیر مقبول، مقبول ہوجاتے ہیں، ساری دنیا میں اسی طرح سے ہوتا ہے، اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، عمران خان کو خطرہ ہے کہ اگر ابھی ان کی کوئی مقبولیت ہے تو وہ ختم نہ ہوجائے، کم نہ ہوجائے، ان کو ایسا خطرہ ہے، باقی ہمیں ایسی خطرے والی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن ہی ہوں گے اور اکتوبر میں ہوں گے، میرے خیال میں اکتوبر سے پہلے الیکشن نہیں ہوں گے۔صحافی کے اس سوال پر کہ آپ کی پارٹی کے کچھ رہنما کہتے ہیں کہ عمران خان دہشت گرد ہے، اس کے بات چیت اور مذاکرات کبھی ہو ہی نہیں سکتے جس پر جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ میں بھی تو یہ ہی کہہ رہا ہوں کہ مذاکرات نہیں ہونے چاہییں، میں خود اس بات کا حامی ہوں کہ وقت کا ضیاع ہے، آپ کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ مذاکرات نہیں ہونے چاہییں۔

Back to top button