بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

لکی مروت میں دہشتگردوں کے 3حملے ناکام، 7دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دیے جبکہ جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہا کہ 27/28 اپریل کی رات لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حملہ آور کے دیگر ساتھیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

ضلع لکی مروت کے علاقے امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو دیگر مقابلوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان سمیت 3 مزید دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک ہونے والے سات دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج میر ، ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی عابد حسین شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نےکہا کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیے  آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک،دو سپاہی شہید
Back to top button