بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز نورپورتھل میں منعقدہ سات روزہ سپورٹس گالا اختتام پذیر

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز نورپورتھل میں منعقدہ سات روزہ سپورٹس گالا اختتام پذیر ہو گیا ۔ سپورٹس گالا کی شاندارتقریبات کی نگرانی ممتاز ماہر تعلیم پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک نے کی ۔ سپورٹس کمیٹی میں ڈاکٹر پروفیسر ملک نواب دین کلیرا، پروفیسر ملک نواب دین سگو اور پروفیسر ملک گوہرایوب کے نام شامل ہیں ۔ سات روزہ سپورٹس گالا کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے پروفیسر ملک شوکت رضا عوان ، پروفیسر ملک عبدالقیوم جاڑا، پروفیسر تنویر حسین ، پروفیسر انصر عباس اور پروفیسر محمد اسماعیل نےکالج سپورٹس کمیٹی کو بھرپور معاونت فراہم کی۔

کالج ہذا کے طلباء نے کرکٹ، رسہ کشی ، والی بال، گولہ پھینکنا، بیڈمنٹن ، دوڑ، لانگ جمپ ،تھالی پھینکنا،نیزہ پھینکنا اور دیگر سپورٹس مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقع پر ان کا جوش و جذبہ دیدنی تھا ۔ سپورٹس گالا کے آخری روز ایکس لیگل ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب ایڈووکیٹ ملک امجد رضا گجر ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈسٹرکٹ خوشاب ملک امتیاز سوبھی اور ممتاز ماہر تعلیم استاد الاساتذہ ایکس پرنسپل پروفیسر ملک احمد خان بوڑانہ نے پروقار تقریب میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ نامور ماہر تعلیم پروفیسر شیخ عبدالطیف، ایکس ممبر ڈسٹرکٹ کونسل خوشاب ایڈووکیٹ ملک عزیز حسین جاڑا اور جنرل سیکٹری تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپورتھل ملک ذیشان گجر بھی زینت محفل تھے ۔

اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کالج ھذا میں سالانہ سپورٹس مقابلوں کے شاندار انعقاد پر پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک اور دیگر کالج انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور طلباء میں جذبہ ء مسابقت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مقررین نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ دوران تقریب طلباء نے شاندار ٹیبلو شو، ڈرامے ،خاکے اور روایتی رقص پیش کرکے شرکاءے محفل کو خوب محظوظ کیا اور بھرپور داد و تحسین وصول کی ۔ دوران تقریب پرنپسل پروفیسر عبدالغفور ملک کی طرف سے مہمانان گرامی کو تحائف بھی پیش کئے گئے ۔

مزید پڑھیے  جشن بہاراں 2023، خوشاب میں تین روزہ میلے کا انعقاد
Back to top button