بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد شروع، بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ٹکٹ مہنگے

کینیڈا اور امریکا کیلئے ایف ای ڈی اڑھائی لاکھ روپے، یورپ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کی جائے گی


حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے مختلف ممالک کے فرسٹ اور بزنس کلاس ایئر ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی( ایف ای ڈی)عائد کردی ہے۔

پاکستان سے مختلف ممالک کیلئے پروازوں کی فرسٹ اور بزنس کلاس پر فکس ایف ای ڈی وصول کیا جائے گا۔ کینیڈا اور امریکا کیلئے ایف ای ڈی 2 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ یورپ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے فکس ایف ای ڈی وصول کی جائے گی۔

فار ایسٹ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پیسیفک آئس لینڈ کیلئے بھی ایف ای ڈی ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگی۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ائیر لائنز کی عالمی پروازوں میں بزنس کلاس ٹکٹس پر ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز پر غور کیا گیا تھا۔

آئی ایم ایف ٹیم کو ایف ای ڈی عائد کرنے کے فیصلے پر آگہی دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل موجودہ حکومت کی طرف سے سپر ٹیکس کی شکل میں 10 فیصد براہ راست ٹیکس کے نفاذ کے بعد بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایئر لائن کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے موجودہ معاشی صورت حال کے تناظر میں سخت فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹیل، سیمنٹ، چینی، تیل و گیس، کھاد، توانائی اور ٹرمینل اور ٹیکسٹائل سے متعلق صنعتوں کو 10 فیصد ٹیکس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Back to top button