بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت (ترمیمی)  بل 2022 منظور

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت (ترمیمی)  بل 2022 منظور، یونین کونسلوں کی تعداد نہ بڑھانے کی منظوری دے دی گئی۔بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک پیش کی کہ علاقہ دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت (ترمیمی) بل 2022 زیر غور لایا جائے۔ مذکورہ بل قومی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے منظور کیا گیا تھا جبکہ صدر مملکت کی جانب سے واپس ارسال کر دیا گیا تھا۔

پارلیمنٹ نے بل کو زیر غور لانے کی منظوری دی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے بل کی شق وار منظوری حاصل کی، اس دوران سینیٹر رانا مقبول احمد نے یکے بعد دیگرے چیئرمین اور میئرز کے الیکشن براہ راست کرانے کے حوالے سے بل کی شق 3 حذف کرنے کیلئے ترمیم پیش کی جس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مخالفت نہیں کی، اس طرح پارلیمنٹ نے بل کی شق 3 حذف کرنے کے حوالے سے منظوری دیدی۔

رانا مقبول احمد نے بل کی شق 4 کو بھی حذف کرنے کی ترمیم پیش کی جس پر وزیر قانون کی آمادگی پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بل کی شق 4 کو بھی حذف کرنے کی منظوری دیدی، بل کی شق 4 کو حذف کرنے کے بعد اب اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد نہیں بڑھائی جائے گی۔

ترمیموں کی منظوری کے  بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔

Back to top button