ویسٹ انڈین اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نئی تاریخ رقم کر دی
ویسٹ انڈین اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ان دنوں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز کریگ بریتھ ویٹ اور سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی چندر پال کے صاحبزادے تیگ نرائن چندرپال نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ویسٹ انڈین کے اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ بنا ڈالا۔
کریگ بریتھ ویٹ اور تیگ نرائن چندرپال کے درمیان پہلی وکٹ پر 336رنز کی شراکت داری بنی جو ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گارڈن گرینگے اور ڈیزمنڈ ہنز کے پاس تھا، جنہوں نے 33 سال پہلے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 298 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ بنائی تھی۔
بریتھ ویٹ اور چندرپال کی یہ شراکت داری ٹیسٹ کرکٹ میں نویں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے گریم اسمتھ اور نیل مکنزی کے پاس ہے جنہوں نے 2008 میں بنگلادیش کے خلاف 415 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ بنائی تھی۔
ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف پہلی اننگز 447 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی،برتھ ویٹ 182 اور چندرپال نے ناقابل شکست 207 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اپنی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی تیگ نرائن چندرپال نے اپنے والد اور سابق ویسٹ انڈین لیجنڈ چندرپال کو انفرادی اسکور میں پیچھے چھوڑ دیا۔
والد کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور 203 رنز تھا جبکہ بیٹے نے انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے 207 رنز بنالیے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر زمبابوے نے 3 وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنالیے۔