
ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر خود کش حملہ، 12 افراد شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں درازندہ میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش کار بم دھماکا سے 12 افراد شہید، 35 زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی، جس کے نتیجے میں انتہائی شدید دھماکا ہوا، واقعے کی تصدیق ابتدائی طور پر ریسکیو 1122 اور پولیس ذرائع نے کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 12 افراد شہید ہوئے، جن میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں، پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ریسکیو حکام نے کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے میں انسدادِ سمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے کی ذمہ داری اور اس میں ملوث عناصر سے متعلق حتمی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔















