بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ترکیہ اور شام میں زلزلے نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 500 ہو گئیں

ترکیہ اور شام شدید  زلزلے سے لرز اٹھے، 7.9 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث مجموعی طور پر  ہلاکتیں 500 سے تجاوز کرگئی ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن،لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیےگئے ہیں۔ترکیہ کے نائب صدر نے ملک میں زلزلے سے اموات کی تعداد 284 تک جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے بعد غازی انتپ اور حاطے ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ترک صدر طیب اردون میں ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

ترک صدر طیب اردون نے زلزلے سے متاثر تمام شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ امید ہے کہ جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث  ترک صوبہ حاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، احتیاطی تدابیر کے طور پر حاطے میں قدرتی گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

ترک ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ  زلزلےکےبعد سےاب تک66 آفٹرشاکس محسوس کیےگئے ہیں۔ترک میڈیا کا کہنا ہےکہ  آذربائیجان سے سرچ ریسکیو کے 370 ماہرین ترکیہ پہنچ رہے ہیں جب کہ  امریکا نے بھی ترکیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنےکی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا ترکیہ کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے نے شام میں بھی شدید تباہی مچائی ہے جہاں عمارتیں گرنے سے 230 سے زائد افراد ہلاک او ر 600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

شامی حکام کے مطابق زلزلےکے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور  لتاکیہ میں محسوس کیےگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافےکا بھی خدشہ ہے۔

صدرعارف علوی نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سےقیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا ہےکہ دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام اور ميری ہمدردیاں ترکیہ اور شام کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کے ورثاءکو صبر جمیل اور مرحومین کو سکون نصیب فرمائے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہےکہ مشکل گھڑی میں ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرےگا، ترکیہ نے ہرمشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

Back to top button