بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ملک بھر میں رات 10 بجے تک بجلی بحال کردی جائیگی، خرم دستگیر، وزیراعظم کا بریک ڈائون کا نوٹس

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں رات 10 بجے تک بجلی بحال کردی جائے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی بحالی کے لیے جو سب سے اہم قدم اٹھایا گیا وہ یہ ہے کہ جنوب میں اچھ کے مقام پر ایک پاور پلانٹ موجود ہے جس کے ذریعے سکھر، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ اور خیرپور ناتھن شاہ میں معمول کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسی پاور پلانٹ کو استعمال کرتے ہوئے کچھ بجلی بلوچستان، کچھ پنجاب اور کچھ جنوبی پنجاب میں بحال کی گئی ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ تھرکول میں بجلی کی فراہمی کی سہولیات موجود ہیں جس سے اب ’کے الیکٹرک‘ کو جزوی طور پر بحالی کا آغاز کردیا ہے اور جیسے جیسے نیشنل گرڈ بحال ہوگا اس کو بھی بڑھاتے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام ذمہ داران انتہائی سنجیدگی سے ملک میں بجلی کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں اور ہائیڈل سسٹم کو دوبارہ چلانے میں کچھ رکاوٹیں بھی آئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ چونکہ بجلی کا ترسیلی نظام محفوظ ہے اس لیے بجلی کی بحالی میں یہ چیلنج ہے کہ ملک کے تمام بجلی بنانے کے کارخانے اور پلانٹس کو ایک ایک کرکے شروع کرنا ہے جس کے لیے بھی بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا کچھ گھنٹوں سے اس کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ٹرانسمیشن اتھارٹی کو ملک کے کسی بھی پاور پلانٹ کو چلانے کی اجازت دے دی ہے چاہے وہ مہنگے ایندھن پر کیوں نہ چلانا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی بریک ڈاؤن پر وزیراعظم نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تفتیش کرکے بتائے گی کہ کس وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت پوری کوشش کر رہی ہے کہ آج رات 10 بجے تک بجلی مکمل طور پر بحال کی جائے۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کے تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم اور وفاقی وزیر سے فوری رپورٹ طلب کرلی تھی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ملک میں بجلی کے تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا، جبکہ وزیراعظم نے تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے بجلی کے تعطل کی فوری رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کا اتنا بڑا بحران پیدا ہونے کی وجوہات سے آگاہ اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے ملک میں بجلی کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے سبب کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جسے بحال کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک بجلی فراہم نہیں کی جاسکی ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہونے کے بعد پاکستان بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

وزارت توانائی کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا، سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے‘۔

Back to top button