بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

خوشاب رائیٹرز کلب کی باہمی شراکت سے سلسلہ وار تنقیدی و شعری نشست کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) رموز تنظیم برائے فنون و ادب اور خوشاب رائیٹرز کلب کی باہمی شراکت سے سلسلہ وار تنقیدی و شعری نشست کا انعقاد سرور شہید لائبریری جوہرآباد میں کیا گیا۔ نشست کی صدارت نامور شاعر ظہیر باقر بلوچ نے کی جب کے مہمان اعزاز پروفیسر مستحسن رضا جامی تھے۔ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری رموز عدیل عباس عادل نے سر انجام دیئے۔نشست کے آغاز میں حافظ محمد الیاس نے تلاوت کی جب کہ نعت کی سعادت ملک پرویز کے حصے میں آئی۔صدر خوشاب رائیٹرز کلب راجہ غلام اصغر طاہرّ نے شرکاِ محفل کو خوش آمدید کہتے ہوئے استقبالیہ پیش کیا۔

تنقید کے لیے رمیض نقوی نے اپنی تازہ غزل جب کہ عاجز کمال رانا نے اپنا مضمون پڑھ کر سنایا۔ دونوں تخلیقات پر سیر حاصل گفتگو کے بعد حاضر شعراء عدیل عباس عادل، کاشف واصفی، دانیال زمان، مزمل ادریس، عاجز کمال رانا، رمیض نقوی، گل جہان، راجہ غلام اصغر طاہرّ، مستحسن رضا جامی اور صاحب صدر ظہیر باقر بلوچ نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ قرآن و سائنس ریسرچ اسکالر ممتاز خان، سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر تنویر قریشی، سینئر نائب صدر پریس کلب خوشاب پرویز قریشی، انچارج لائبریری ملک ذوالفقار علی، ملک پرویز اعوان، آفتاب ثقلین شاہ، رانا عقیل احمد ، نجف عباس، رانا عبدالوقار، محمد فاروق و دیگر شرکا کی موجود نے محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔ تقریب کا اختتام دعا پر ہوا۔ حاضرین محفل نے سرور شہیدلائبریری کی رونقین بحال کرنے پر سی ای او ایجوکیشن ملک احسان احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر خوشاب میثم عباس کی کاوشوں کو سراہا۔

Back to top button