بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، تشدد سے ایک ہلاک دوسرا زخمی

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 2 مشتبہ ڈاکووں کو عوام نے تشدد کا نشانہ بنایا جن میں سے ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا شدید زخمی ہوگیا جب کہ گلستان جوہر میں ڈکیتی کے دوران زخمی شہری کی فائرنگ سے ایک اور مبینہ ڈاکو مارا ہوگیا۔ایس ایچ او اقبال مارکیٹ امین مغل نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں شاہ ولی اللہ نگر میں 2 ڈاکووں نے کباڑ کی دکان پر ڈکیتی کی، ملزمان ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اہل علاقہ نے مزاحمت کی اور دونوں کو پکڑ لیا۔

پولیس افسر کے مطابق عوام نے پولیس کے پہنچنے سے قبل انہیں شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی دونوں مشتبہ ملزمان کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے ایک پستول بمعہ میگزین برآمد کر لیا۔

دوسری جانب ایس ایچ او شارع فیصل حاجی محمد اسحٰق نے بتایا کہ 45 سالہ عامر نسیم موٹرسائیکل پر اپنے دوست کے ہمراہ گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب ریسٹورنٹ میں ناشتہ کرنے کے لیے نکلا اور اے ٹی ایم سے رقم نکلوائی۔پولیس افسر کے مطابق رقم نکلوا کر وہ موٹر سائیکل پر بیٹھ رہے تھے کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 مشتبہ افراد وہاں پہنچے اور ان کے پاس موجود نقدی اور دیگر قیمتی سامان دینے کا مطالبہ کیا۔

پولیس افسر کے مطابق دونوں شہریوں نے موٹر سائیکل پر بھاگنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عامر نسیم کی ران پر گولی لگی اور وہ موٹر سائیکل سے نیچے گر گیا۔ایس ایچ او کے مطابق اس دوران شہری نے محفوظ جگہ کی آڑ لے کر اپنے لائسنس یافتہ 9 ایم ایم پستول سے ڈاکووں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص جس کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہلاک ہوگیا جب کہ اس کے 2 ساتھی جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے زخمی شہری اور ہلاک ملزم کی لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا، ہلاک ملزم سے ایک ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق گلشن معمار میں ایک نوجوان دکاندار کو 4 مسلح موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ 35 سالہ طاہر ایوب کو سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں چاولہ گودام کے قریب گولی مار کر قتل کیا گیا۔

ایس ایچ او گلشن معمار امین قریشی نے بتایا کہ مقتول سعدی ٹاؤن سہراب گوٹھ کا رہائشی تھا، معمول کے مطابق وہ فجر کی نماز کے بعد جنجال گوٹھ میں اپنی دکان کھولنے پہنچا جہاں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان اسے گولی مار کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق مقتول کی ٹانگ اور ہاتھ پر 2 گولیاں لگیں اور زیادہ خون بہنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔

ایس ایچ او نے مزید کہا کہ پولیس کیس کی 2 زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے، ایک زاویہ ٹارگٹ کلنگ اور دوسرا دوران ڈکیتی قتل ہو سکتا ہے، پولیس قاتلوں کے خلاف کارروائی کے لیے ورثا کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائے جانے کی منتظر ہے، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی دکاندار علاقے میں اچھی شہرت کا حامل تھا، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان مناسب نرخوں اور آسان اقساط پر فروخت اور فراہم کرنے پر لوگ لوگ اس سے پیار تھے اور اس کی عزت کرتے تھے۔

21 دسمبر کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان چل بسا تھا جبکہ پولیس مقابلے کے دوران دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔

اسی طرح کراچی کے علاقے کورنگی میں 19 دسمبر کو ایک اور ڈکیتی کے واقعے کے دوران مزاحمت پر ایک شہری زخمی ہو گیا تھا ، جس کے بعد ہجوم نے دو مشتبہ ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک ہلاک ہو گیا تھا۔

اس سے قبل 27 نومبر کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک آدمی کو ہلاک اور ان کے 2 بچوں کو زخمی کرنے پر مشتعل ہجوم نے پولیس کے پہنچنے سے قبل 2 مشتبہ لٹیروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جو بعد ازاں دم توڑ گئے تھے۔

Back to top button