بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم نے ایم 6 حیدرآباد-سکھر موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم شہبازشریف نے آج ایم 6 حیدرآباد-سکھر موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعظم شہبازشریف آج سکھر پہنچے ، جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔جس کے بعد وزیراعظم نے 3 کھرب 7 ارب روپے کے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی اور حیدرآبادسکھر موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق سمیت وفاقی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ پوسٹل سروس اسد محمودموجود تھے۔رپورٹ کے مطابق اس سے قبل یہ افتتاحی تقریب 9 دسمبر کو ہونی تھی جو وزیراعظم کی دیگر مصروفیات کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی۔سکھر حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے کا آخری حصہ ہے، اس منصوبے کے بعد پاکستان کے تمام بڑے شہر موٹرویزسے منسلک ہوجائیں گے۔شیڈول کے مطابق ایم 6 موٹروے کی افتتاحی تقریب حیدرآباد میں سول ایوی ایشن آڈیٹوریم میں ہوئی جبکہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سکھر کی آئی بی اے یونیورسٹی میں منعقد کی گئی۔ایم 6 کے جنرل مینجر نے بتایا کہ منصوبے کی کامیابی کا انحصار سندھ حکومت کی جانب سے زمین کے حصول پر ہے جو سست روی کا شکار ہے۔انہوں نے اس حوالے سے سندھ حکومت سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔

مذکورہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق منصوبے پر 307ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جس پر 15 انٹر چینج، دریائے سندھ پر ایک بڑا پُل، 19 انڈر پاس اور 6 فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے۔موٹروے کے دونوں اطراف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 سروس ایریاز تعمیر ہوں گے، یہ موٹر وے جام شورو، حیدرآباد، مٹیاری، بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیر پور اور سکھر کے اضلاع سے گزرے گی۔

Back to top button