بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے تحویل میں لیکر سکھر منتقل کردیا

متنازع ٹوئٹس کے مقدمات میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر کوئٹہ سے سکھر منتقل کر دیا۔اعظم سواتی کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو آج صبح سندھ پولیس نے کوئٹہ پولیس سے تحویل میں لیا اور انہیں ہوائی راستے سے سکھر پہنچ گیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر اعظم سواتی کو آج ہی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

 دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے اعظم سواتی کو سندھ پولیس کے حوالے کرنے پر شدید تنقید کی اور اس کو قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بتایا کہ ’سینیٹر اعظم خان سواتی پر بلوچستان ہائی کورٹ سے 5 ایف آئی آرز ختم کروائیں 2 اور نکال لیں، انہیں بھی ختم کروانے کی قانونی کارروائی کر رہے تھے کہ سندھ پولیس انہیں اپنے خصوصی طیارے میں نامعلوم مقام پر اغوا کر کے لے گئی‘۔انہوں نے کہا کہ ’ آئین و قانون کا کیا مذاق بنایا ہوا ہے، پھر کہتے ہیں کہ لوگ ان کی عزت کریں’۔

پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ ’اس وقت انسانی حقوق کے حالات یہ ہیں کہ بلوچستان ہائی کورٹ اعظم سواتی پر مقدمات خارج کرنے کا حکم دیتی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کا جہاز کوئٹہ پہنچتا ہے اور اعظم سواتی کو سندہ پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’انہی مقدمات میں جو بلوچستان ہائی کورٹ نے خارج کیے ان میں سندھ پولیس گرفتاری ڈالتی ہے‘۔

Back to top button