بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہونگے

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر کل روانہ ہوں گے۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف استنبول شپ یارڈ میں پاکستان نیوی کے لیے حاصل کیے گئے چار ملگیم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز کا مشترکہ افتتاح کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دو روزہ دورے میں وزیر اعظم, ترکیہ کی کاروباری کمیونٹی سے بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ استنبول میں قیام کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت دیگر مفادات عامہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ایمان، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات میں گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں جو ہم آہنگی اور باہمی اعتماد پر مبنی برادرانہ تعلقات سے سے لبریز ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نیوی کے لیے پہلے کارویٹ (پی این ایس بابر) کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں ہوئی تھی، جبکہ دوسرے جہاز(پی این ایس بدر) کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا تھا۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان-ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔

Back to top button