بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

فیفا ورلڈ کپ، پرتگال نے گھانا کو تین دو سے شکست دیدی، رونالڈو نے عالمی ریکارڈ بھی بنا ڈالا

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں پرتگال کی ٹیم نے گھانا کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی، میچ کی خاص بال پرتگال کے شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا عالمی ریکارڈ تھا، رونالڈو 5 فٹبال ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں گول سکور کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔رونالڈو پرتگال کے لیے اپنا پانچواں ورلڈکپ کھیل رہے ہیں، انہوں نے جمعرات کو رواں ورلڈکپ کے پہلے میچ میں گھانا کے خلاف پنالٹی پر گول کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے 2006 میں پہلا ورلڈکپ گول کیا جس کے بعد انہوں نے 2010، 2014 ،2018 اور اب 2022 کے ورلڈکپ میں بھی گول سکور کردیا۔

پرتگال اور گھانا کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں کھیل میں تیزی آئی اور میچ کے 65 ویں منٹ میں رونالڈو نے پینلٹی کک پر گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی میچ کے 73 ویں منٹ میں گھانا کی جانب سے ایوی نے گول سکور کرتے ہوئے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا ، میچ کے 78ویں منٹ میں پرتگال نے اپنے کھلاڑی فیلکس سیکیورا کے گول کی بدولت ایک بار پھر برتری حاصل کرلی، میچ کے 80 ویں منٹ میں پرتگال کے ڈا کونسیکو نے گول کرتے ہوئے مقابلہ تین ایک کردیا تاہم دس منٹ کے بعد گھانا کے بخاری نے گول کرتے ہوئے اس برتری کو دو تین کیا مگر فائنل وسل تک سکور تین دو رہا اور گھانا کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Back to top button