بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عامر فاروق سے عہدے کا حلف لیا۔جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت نے جسٹس عامر فاروق کو جسٹس اطہر من اللہ کی جگہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت دی۔یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن نے 2 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عامر فاروق کی نئے چیف جسٹس کے طور پر نامزدگی کی منظوری دی تھی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ججوں کے علاوہ وزیر قانون ایاز صادق، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف، پاکستان بار کونسل کے نمائندوں اور دیگر اراکین نے حصہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیئکل 175 اے کے تحت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان ججوں کی تعیناتی اور اس کی تصدیق کرتا ہے اور ججوں کی تعیناتی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی ان سفارشات کی توثیق کرتی ہے۔

Back to top button