بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارتی نژاد رشی سونک برطانیہ کے پہلے ایشیائی وزیراعظم ہونگے

بھارتی نژاد برطانوی سیاستدان رشی سونک بلامقابلہ کنزرویٹیوپارٹی کے سربراہ منتخب ہوگئے جس کے بعد وہ ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔کنزر ویٹیو پارٹی کی سربراہی کی دوڑ میں رشی سونک اور پینی مورڈنٹ شریک تھے تاہم پینی مورڈنٹ مطلوب 100 ٹوری ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل نہ کرسکیں جس کے بعد وہ دوڑ سے دستبردار ہوگئیں۔

پارٹی کے ریٹرننگ آفیسر نے بھی 42 سالہ رشی سونک کے بلامقابلہ سربراہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔پارٹی سربراہی ملنے کے بعد رشی سونگ برطانیہ کے وزیراعظم ہوں گے اور وہ پہلے ایشیائی نژاد برطانوی وزیراعظم ہوں گے۔

رشی سونک برطانیہ کے 57ویں وزیراعظم ہوں گے اور وہ گزشتہ تین ماہ کے دوران برطانیہ کے تیسرے وزیراعظم ہیں جبکہ  رشی سُونک برطانیہ کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔رشی سونک کے والد ڈاکٹر اور والدہ فارماسسٹ تھیں اور دونوں کا تعلق بھارتی پنجاب سے تھا۔

رشی سونک ’انفوسس‘ کے بانی این آر نارائن مورتی کے داماد ہیں، رشی سونک کی اہلیہ اکشتا مورتی برطانیہ کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ صرف 45 روز ہی عہدے پر رہیں۔

Back to top button