بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

بھارت میں غیر معمولی طوفانی بارش سے 18 ہلاک، کئی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند

بھارت کی شمالی ریاستوں میں مسلسل غیرمعمولی طوفانی بارش کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے اور کئی علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی بھارت میں ہونے والی تباہ کن بارشوں نے ملک میں تباہی مچا دی ہے جبکہ بھارت کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی ریاستوں اترکھنڈ، اتر پردیش، مدھیا پردیش سمیت راجستھان کے کئی علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق موسمی بارشیں شمال مغربی بھارت کے علاقوں میں ستمبر کے وسط سے شروع ہوتی ہیں جو ملک بھر میں اکتوبر کے وسط تک ختم ہو جاتی ہیں۔

چند ماحولیاتی ماہرین کا کہنا تھا کہ بارشوں کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ بھارت کے شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ 1293 فیصد بارش ہوئی ہے جہاں صرف ریاست اترپردیش میں زیادہ سے زیادہ 22.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ بارش سے متعلقہ حادثات میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست اترپردیش میں 18 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں چند ڈوبنے اور متعدد بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ عمارت شدید بارشوں کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے تاہم شہر کا بیشتر حصہ زیر آب ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارش کا ایک فائدہ صاف ہوا کی صورت میں ظاہر ہوا ہے، جیسا کہ امریکا کے سفارت خانے کے فضائی آلودگی مانیٹر کے مطابق کوالٹی انڈیکس 36 کے ساتھ ہفتے کو ہونے والی بارش کی وجہ سے نئی دہلی کی فضا میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ مہینے مسلسل بارش اور سیلاب بھارت کے بڑے شہروں کے لیے عذاب بن گیا تھا، جن میں جنوبی بھارت کا ٹیکنالوجی کا مرکز بنگلورو اور نئی دہلی کے قریب گروگرام کا کاروباری ضلع شامل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت کے پڑوسی ملک پاکستان میں بھی شدید سیلاب آیا جہاں حکومت نے سیلاب کی وجہ موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا ہے جس کی وجہ سے ہمالیہ میں گلیشیئرز کے پگھلنے میں تیزی آئی ہے۔

Back to top button