
وزیراعظم کا ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاعی اور سرمایہ کاری سمیت تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اشک آباد میں سالِ امن و اعتماد سے متعلق بین الاقوامی فورم کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات پاکستان کے ترجیحی شعبے ہیں اور ترکی کی ان شعبوں میں دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ حال ہی میں طے پانے والے اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں ترکی کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے وزارتی سطح کے تبادلے جلد ہوں گے۔ انہوں نے خطے میں روابط بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسلام آباد۔تہران۔استنبول ریلوے نیٹ ورک کی بحالی کا بھی خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم نے غزہ میں امن کے لیے صدر اردوان کی جرات مندانہ قیادت اور کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور طالبان انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے میں ترکی کے مثبت کردار کا بھی شکریہ ادا کیا، تاہم زور دیا کہ پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کا مکمل طور پر حل نکالا جائے۔
ترک صدر نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہتا ہے۔















